11 فروری ، 2025
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے اور اس کے اہم فاسٹ بولر جسپریت بمراہ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے جسپریت بمراہ کی عدم دستیابی کا اعلان کر دیا ہے۔
بی سی سی آئی کے مطابق جسپریت بمراہ بیک انجری کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔
جسپریت بمراہ کی جگہ ہرشیت رانا کو بھارتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ورون چکر ورتھی بھی چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں، ورون چکرورتھی کو یشسوی جیسوال کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ آسٹریلیا کے حالیہ دورے کے اختتام پر بمراہ کو کمر کے درد کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کی وجہ سے وہ سڈنی میں پانچویں ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کر سکے تھے۔
بارڈرگواسکر ٹرافی کے دوران بمراہ نے 5 ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 151.2 اوورز کروائے اور 32 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔
بمراہ انگلینڈ سے ہونے والی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ میں شامل تھے تاہم انہوں نےکوئی میچ نہیں کھیلا جب کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے عارضی 15 رکنی اسکواڈ میں بھی شامل تھے۔
واضح رہےکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم میں روہت شرما (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادیو، ہرشیت رانا، محمدشامی، ارشدیپ سنگھ، رویندرا جدیجا اور ورون چکرورتھی شامل ہیں۔