12 فروری ، 2025
ویسے تو طیاروں کے ہائی جیک ہونے کے واقعات کبھی کبھار ہی ہوتے ہیں مگر ایسا عموماً انسانوں کی جانب سے کیا جاتا ہے۔
مگر روم سے جرمنی جانے والی ایک پرواز کو ایک بلی نے 'ہائی جیک' کرلیا۔
جی ہاں واقعی فضائی کمپنی ریان ائیر کا روم سے جرمنی جانے والا بوئنگ 737 طیارہ ایک بلی کے ہاتھوں 'ہائی جیک' ہوگیا۔
یہ بلی چپکے سے طیارے میں داخل ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں طیارے کو 2 دن تک گراؤنڈ کرنا پڑا اور پرواز 2 دن کی تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طیارہ گزشتہ ہفتے روم سے جرمنی کے لیے پرواز بھرنے والا تھا مگر ٹیک آف سے قبل عملے نے بلی کی میاؤں میاؤں کو سنا جو طیارے میں سے آرہی تھی۔
جب آواز کے مقام کا تعین کرنے کی کوشش کی گئی تو عملے کو طیارے کے متعدد پینلز کو ہٹانا پڑا۔
آخرکار طیارے کے برقی پینل کے قریب عملے نے بلی کو چھپے ہوئے پایا۔
بلی کی دریافت کے بعد طیارے کے کیبن میں چوہے بلی کی دوڑ کا منظر دیکھنے میں آیا۔
عملے کی جانب سے بلی کو پکڑنے کی متعدد کوششیں کی گئیں مگر ناکامی کا سامنا ہوا جس کے پرواز کو حفاظتی وجوہات کے باعث منسوخ کرنا پڑا۔
2 دن تک عملے کی جانب سے طیارے کے پینلز کو ہٹا کر بلی کو پکڑنے کی کوشش کی گئی مگر وہ طیارے کے مختلف مقامات پر فرار ہوتی رہی اور اسے ڈھونڈنا ہی مسئلہ بن گیا۔
2 دن بعد جاکر طیارے کا عملہ اس 'ہائی جیکر' بلی کو نکالنے میں کامیاب ہوا اور طیارے کی سیڑھی پر چھوڑ دیا جہاں سے وہ اس طرح چہل قدمی کرتے ہوئے چلی گئی جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔
یہ دلچسپ واقعہ طیارے میں سفر کرنے والے مسافروں کے لیے زحمت کا باعث بنا جن کو سفر کے لیے 2 دن تک انتظار کرنا پڑا۔