05 مارچ ، 2013
کراچی…رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں حکومت کا مالی خسارہ 882 ارب روپے ، قومی خزانے سے 689 ارب روپے کی رقم قرضوں پر سود دینے میں نکل گئی۔جولائی سے جنوری تک معاشی اعداد و شمار کی رپورٹ جیو نیوز کو موصول ہوگئی ہے، سات مہینوں میں ٹیکس آمدنی 1ہزار 16 ارب روپے رہی جبکہ ٹیکس کے علاوہ دیگر آمدنی 520 ارب روپے رہی ہے۔ اعداد شمار کے مطابق ٹیکس کے علاوہ آمدنی پچھلے سال سے 93 فیصد زیادہ ہے۔ حکومت نے ان سات مہینوں میں 689 ارب روپے کی لاگت سے قرضوں پر سود ادا کیا ہے جبکہ پچھلے سال اس مد میں 576 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔ جولائی سے جنوری کے دوران صوبوں نے اپنی آمدنی سے 82 ارب روپے کم اخراجات کیے ۔