05 مارچ ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کاہنگامی اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا۔ اجلاس میں سانحہ عباس ٹاوٴن میں ملوث دہشت گردوں کی عدم گرفتاری اورحکومت کی جانب سے متاثرین کی دادرسی نہ کیے جانے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے سانحہ عباس ٹاوٴن میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے حکومت کو 3 دن کا نوٹس دیا تھا تاہم 3 دن گزرنے کے باوجود دہشت گردوں کو گرفتارنہیں کیا گیا اور نہ ہی متاثرین کی کوئی دادرسی کی گئی۔ رابطہ کمیٹی آج اپنے ہنگامی اجلاس میں اس سلسلے میں اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔ عباس ٹاوٴن کے دورے میں ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے بھی واضح کیا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے متحدہ کی حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے ، اب رابطہ کمیٹی آج اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔