Time 23 فروری ، 2025
دنیا

ویڈیو: غزہ میں قیدیوں کی رہائی کا منظر اسرائیلی یرغمالیوں نے گاڑی سے دیکھا، نیتن یاہو سے التجا کرڈالی

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے ساتویں مرحلے کے تحت 6 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جس کے مناظر حماس کی قید میں موجود دیگر یرغمالیوں نے بھی اپنی آنکھوں سے دیکھے۔

گزشتہ روز غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا جس میں سے دو کو رفح کراسنگ اور 3 کو نصیرات کیمپ میں رہا کیا گیا تھا جبکہ ایک یرغمالی کو غزہ سٹی میں اسرائیلی فوج کے سپرد کیا گیا تھا۔

ہر بار کی طرح اس بار بھی حماس نے قیدیوں کو رہا کرنے کی باضابطہ تقریب کا اہتمام کیا اور ریڈ کراس کے حوالے کرنے سے قبل اسٹیج پر بلا کر دستخط بھی کرائے گئے۔

غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت 6 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیل نے بھی 600 فلسطینی باشندوں کو رہا کرنا تھا لیکن اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے ایک بار پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی اور اب تک فلسطینی قیدیوں کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔

حماس نے بھی اسرائیل کی جانب سے قیدیوں کی رہائی نہ ہونے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں۔

گزشتہ روز جہاں اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے مناظر ویڈیو اور تصاویر کی صورت میں سامنے آئے وہیں حماس کی جانب سے ایک دوسری ویڈیو بھی جاری کی گئی جس میں رہا ہونے والے یرغمالیوں کی رہائی کے مناظر دیگر قیدیوں کو گاڑی میں بٹھا کر دکھائے گئے۔

غزہ میں قیدیوں کی رہائی کا منظر دو اسرائیلی یرغمالیوں نے گاڑی سے دیکھے اور انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو سے درخواست کی کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں، معاہدے کے ذریعے قیدیوں کی رہائی ممکن بنائی جائے تاکہ ہم بھی اپنے گھروں کو جا سکیں۔

اسرائیلی یرغمالیوں نے نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا آپ سے ہمیں قتل کر دیا ہے، ہم 500 دنوں سے قید ہیں، برائے مہربانی ہمیں واپس گھر بلوا لو، ہم بھی ان رہا ہونے والے لوگوں کی طرح ہی ہیں، ہمیں یقین ہی نہیں آ رہا کہ یہ بھی ممکن ہے۔    

مزید خبریں :