پاکستان
05 مارچ ، 2013

پاکستانی فوج نے وزیرستان میں دہشتگروں کو ہلاک کیا، امریکی اخبار

پاکستانی فوج نے وزیرستان میں دہشتگروں کو ہلاک کیا، امریکی اخبار

واشنگٹن…امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے فروری میں وزیرستان میں حملے کرکے القاعدہ رہنماوٴں اور ازبک دہشت گردوں کو ہلاک کیا ۔دوسری طرف آئی ایس پی آر نے اس دعوی کو جھوٹا اور حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔امریکی اخبار کے مطابق فروری کے آغاز میں وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف ڈرون حملے امریکی سی آئی اے نے نہیں کیے۔ بلکہ امکان ہے کہ یہ حملے پاکستان نے کیے ہیں۔رپورٹ میں سی آئی اے اہلکار نے الزام عائد کیا ہے کہ عوام کی تنقید سے بچنے کے لیے پاکستان نے اس کی ذمہ داری امریکا پر ڈال دی۔جبکہ جنوری سیاب تک پاکستانی علاقے میں امریکا کی جانب سے کوئی ڈرون حملہ نہیں کیاگیا۔رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ چھ فروری کو شمالی وزیرستان میں پاک فضائیہ نے پہلا حملہ کیا۔جبکہ دوسرا حملہ آٹھ فروری کو جنوبی وزیرستان میں پاک فوج نے کیا۔ان حملوں میں القاعدہ کے رہنما ابوماجد العراقی اور شیخ ابو وقاص مارے گئے۔دوسری اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں چار ازبک دہشتگرد بھی مارے گئے۔امریکی انٹیلجنس کے مطابق یہ حملے اورکزئی ایجنسی میں پاک فوج کے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا حصہ تھے۔امریکی اخبار کی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان پر اپنے ہی علاقے میں حملوں کا الزام حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے اورڈرون حملوں پر پاکستان کا موٴقف کمزور کرنے کی سازش ہے۔ترجمان نے امریکی اخبار کی رپورٹ سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان تاریخوں میں پاکستانی فورسز نے اس علاقے میں کوئی آپریشن کیا ہی نہیں۔

مزید خبریں :