Time 23 فروری ، 2025
دنیا

امریکیوں کی اکثریت نے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کردی

امریکیوں کی اکثریت نے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کردی
فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکیوں کی اکثریت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کردی۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز اور اپسوس کی جانب سے کیے گئے حالیہ سروے میں امریکیوں سے غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے صدر ٹرمپ کے منصوبے  کے حوالے سے رائے پوچھی گئی۔

سروے میں شامل ڈیموکریٹ ووٹرز میں سے 88 فیصد نے اس منصوبے کی مخالفت کی جبکہ 9 فیصد نے اس کی حمایت کی۔

دوسری جانب ری پبلکن ووٹرز  میں سے 46 نے اس منصوبے کی مخالفت کی جبکہ 50 فیصد نے اس کی حمایت کی۔

مجموعی طور پر سروے میں شامل 68 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کی جبکہ صرف 25 فیصد نے اس کی حمایت کی۔

امریکیوں کی اکثریت نے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کردی
فوٹو: رائٹرز

سروے میں شامل 65 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی جانب سے خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کرکے خلیج امریکا رکھنے کے فیصلے کی بھی مخالفت کی جبکہ 30 فیصد نے اس کی حمایت کی۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق 53 فیصد امریکیوں نے وفاقی حکومت کے اخراجات کم کرنے کے لیے ایلون مسک کی سربراہی میں بننے والی ٹاسک فورس کی بھی مخالفت کی جبکہ 42 فیصد نے اس کی حمایت کی۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی جانب سے غزہ پر قبضہ کرنےکا اعلان کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کرلےگا، ہم اس کے مالک ہوں گے، جس کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنا ہے۔

ٹرمپ کے اعلان پر اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کی مخالفت کی ہے اور دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔

تاہم گزشتہ دنوں اپنے ایک انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کا غزہ پٹی پر قبضے کا منصوبہ ’واقعی کارگر ہے‘، لیکن انہوں نے کہا کہ وہ اسے زبردستی مسلط نہیں کریں گے۔

فاکس نیوز ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ یہی وہ منصوبہ ہے جو حقیقت میں کارگرہے، لیکن میں اسے مسلط نہیں کر رہا، میں صرف اسے تجویز کر رہا ہوں۔‘


مزید خبریں :