Time 24 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹو کا ایک اہم شعبے میں گوگل سے پیچھے رہنے کا اعتراف

مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹو کا ایک اہم شعبے میں گوگل سے پیچھے رہنے کا اعتراف
ایک انٹرویو میں انہوں نے یہ اعتراف کیا / فائل فوٹو

مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) ستیہ نڈیلا نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں ان کی کمپنی ویب سرچ میں آگے بڑھنے کے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکی تھی۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ انٹرنیٹ سرچ کی اہمیت کا اندازہ نہیں لگا سکی جو اب گوگل کا اہم ترین بزنس ٹول ہے۔

ستیہ نڈیلا نے کہا کہ 'ہم ویب کے ایک بڑے بزنس ماڈل کے موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، اس وقت کسی نے نہیں سوچا تھا کہ انٹرنیٹ سرچ کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہو جائے گی'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'ہم اسے نہیں دیکھ سکے مگر گوگل نے دیکھ لیا اور بہترین طریقے سے اس موقع سے فائدہ اٹھایا'۔

مائیکرو سافٹ کے سی ای او کا کہنا تھا کہ کمپنیاں اسی صورت میں دیگر سے آگے رہ سکتی ہیں جب وہ ٹیکنالوجی ٹرینڈز کو شناخت کرسکے اور اس کے مطابق کام کرسکے۔

انہوں نے بتایا کہ 'جو اہم سبق میں نے سیکھا کہ صرف ٹیکنالوجی ٹرینڈ پر ہی توجہ مرکوز نہیں کرنی بلکہ یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ یہ کیوں ضروری ہے، یہ بزنس ماڈلز اکثر چیلنجنگ ہوتے ہیں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ جیسے شعبوں میں کوئی ایک کمپنی سب کچھ حاصل نہیں کرسکتی۔

ستیہ نڈیلا کے مطابق یہی وجہ ہے کہ ہم اے آئی ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کر کے دوسروں سے آگے رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اوریکل اور دیگر کمپنیوں سے مسابقت کے تجربے سے انہیں یہ اندازہ ہوا کہ خریدار اجارہ داری کو برداشت نہیں کرتے۔

مزید خبریں :