27 فروری ، 2025
افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے انگلینڈ کے بعد آسٹریلیا کو بھی شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے لیکن آسٹریلیا ٹف ٹیم ہے، اچھا مقابلہ کریں گے اور جیتنے کی کوشش کریں گے۔
حشمت اللہ نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف جیت کر سیمی فائنل میں پہنچیں گے، یہی ہدف ہے، آسٹریلیا کے خلاف میچ اچھا ہوگا اس میں سادہ پلان رکھیں گے، ہمارے پاس اسپنرز اچھے ہیں، اگر تھوڑی سی بھی مدد ملے تو ہم کسی کے خلاف بھی کامیاب ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم نے صرف گلین میکسویل کے خلاف پلاننگ نہیں کی پوری ٹیم کی پلاننگ کی ہے، ہم میکسویل کے خلاف نہیں آسٹریلیا کے خلاف کھیل رہے ہیں، ماضی میں جو ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے اب سارا فوکس کل کے میچ پر ہے، آسٹریلیا کے خلاف ہمارا پلان ہے اسی پر عمل کریں گے۔
افغان کپتان نے مزید کہا کہ افغان فینز ہمیشہ سپورٹ کرتے ہیں، انگلینڈ کے خلاف بھی سپورٹ کیا، امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بھی تماشائی آئیں گے۔