پاکستان
07 مارچ ، 2013

سینیٹ کا اجلاس: سانحہ عباس ٹاوٴن پر متحدہ کا واک آوٴٹ

سینیٹ کا اجلاس: سانحہ عباس ٹاوٴن پر متحدہ کا واک آوٴٹ

اسلام آباد … سینیٹ کے اجلاس میں سانحہ عباس ٹاوٴن پر ایم کیو ایم نے ایوان سے واک آوٴٹ کیا، سینیٹر طاہر مشہدی کا کہنا ہے کہ حکومت نے دھماکے اور ملزمان پکڑنے سے متعلق عدالت میں بھی جھوٹ بولا اور عوام سے بھی۔ چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری کی سربراہی میں ایوان بالا کے اجلاس کے دوران نقطہ اعتراض پر ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ متاثرین عباس ٹاوٴن کو حکومت کی جانب سے کوئی مدد فراہم نہیں کی جا رہی، حکومت کا کوئی نمائندہ ابھی تک عباس ٹاوٴ ن نہیں گیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم اراکین نے سینیٹ کے اجلاس سے واک آوٴٹ کیا۔ اس سے قبل سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر حاجی عدیل نے ذاتی اخراجات اور مراعات کے خاتمے کے ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی خزانہ کی رپورٹ پیش کی۔ وقفہ سوالات میں وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ایوان کو تحریری جواب میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ ملتوی ہونے سے پی سی بی کو کوئی نقصان نہیں اٹھا نا پڑا۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے بتایا گیا کہ موبائل کمپنیوں نے صارفین سے 5 فیصد سروس چارجز کاٹنا شروع کر دیئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے ایوان کو تحریری طور پر بتایا کہ 2012ء سے 2013ء کے دوران بیرونی ممالک سے 44 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز امداد لی گئی۔

مزید خبریں :