07 مارچ ، 2013
اسلام آباد … وفاقی کابینہ نے آئندہ 3 سالہ بجٹ حکمت عملی کی منظوری دے دی ہے، وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ نے مسلم لیگ ن کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلئے دیئے گئے 3 ناموں کو سیاسی مذاق اور شرارت قرار دے دیا ہے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ 3 سالہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی منظوری دی گئی جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 32 سے 35 کھرب روپے رکھا گیا ہے، ترقیاتی بجٹ بڑھا کر 450 ارب کرنے کی بھی تجویز ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ افراط زر 5 برسوں میں 25 فیصد سے کم کرکے 7 فیصد اور جی ڈی پی 1.7 سے بڑھ کر 4.3 تک پہنچا دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکومت دہشت گردی کا خاتمہ مشترکا کوششوں سے کرنا چاہتی ہے۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ کابینہ نے ممنوعہ اسلحہ کی درآمد کی اجازت دے دی ہے جبکہ 4 رکنی کمیٹی نے کرپشن کے خاتمے کیلئے سفارشات پر مبنی رپورٹ وفاقی کابینہ کو پیش کی۔ قمر زمان کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلئے دیئے گئے ناموں میں ایک ایسا سیاستدان ہے جسے مسلم لیگ خود برا بھلا کہتی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی 5 سالہ حکومتی کارکردگی کی کتاب تیار کرلی ہے جو انتخابی میدان میں عوام کے سامنے پیش کی جائے گی، مسلم لیگ ن کے نام سیاسی مذاق ہیں ہم جو نام دیں گے وہ سب کیلئے قابل قبول ہوں گے۔ وفاقی کابینہ نے اوگرا اور وزارت پیٹرولیم کے درمیان لائن لاسز کے مسئلے پر کمیٹی کی رپورٹ منظور کرتے ہوئے گیس کمپنیز کو مجموعی نقصان پر 50 فیصد ریلیف دینے کا فیصلہ بھی کیاہے۔