07 مارچ ، 2013
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے الگ الگ ملاقات کی ہے جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ صدارتی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی، اس دوران ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ صدارتی ترجمان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے بھی صدر زرداری سے ملاقات کی جس میں ملک کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ سیاسی ماہرین کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس کے بعد آرمی چیف کی صدر زرداری سے ملاقات بہت اہمیت کی حامل ہے اور اس ملاقات میں آرمی چیف نے صدر زرداری کو کور کمانڈرز کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں کے بارے میں اعتماد میں لیا جبکہ یہ ملاقات پاک ایران پائپ لائن منصوبے پر دستخط سے پہلے سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مشاورت کا بھی حصہ ہے۔ اس دوران کراچی میں امن و امان اور آئندہ انتخابات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے اقدامات اور پاک افغان سرحدی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق وزیر اعظم اور صدر کی ملاقات کے دوران نگراں سیٹ اپ کے قیام، ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ عام انتخابات کے امور پر مشاورت کی گئی ہے۔