07 مارچ ، 2013
اسلام آباد … ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2012ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی تاہم ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل نے سخت تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس وصولی میں ناکام ہو چکا ہے اور ٹیکس نہ دینے والوں کو پاک صاف بنانے کا بل پیش کیا جا رہا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس میں ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2012 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے پیش کی، ایم کیو ایم کے رکن رشید گوڈیل نے اعتراض کرتے کہا کہ ایم کیو ایم کوا س ٹیکس ایمنسٹی بل پر شدید تحفظات تھے لیکن کمیٹی میں اس بل پر بات نہیں کرنے دی گئی جس پر ایم کیو ایم نے قائمہ کمیٹی میں بائیکاٹ کیا تھا۔ رشید گوڈیل نے کہا کہ جو ٹیکس نہیں دیتے، انہیں اس بل کے ذریعے پاک صاف کر دیا جائے تو ٹیکس دینے والوں کا کیا قصور ہے، ایف بی آر نااہل ادارہ ہے جو ٹیکس وصول نہیں کر سکتا، ساڑھے 6 لاکھ ٹیکس گزاروں میں سوا 5 لاکھ تنخواہ دار طبقہ ہے۔ اجلاس میں وزیر مملکت اکرم مسیح گل نے اقلیتوں کی نشستوں میں اضافے کا بل بار بار موٴخر کرنے پر سخت تحفظات ظاہر کئے اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی جاتی ہے لیکن وزیر اعظم، اپوزیشن لیڈر سمیت کوئی بھی پارلیمانی لیڈر ایوان میں نہیں۔ انہوں نے بل کیلئے درکار دو تہائی ارکان پورے نہ کرنے پر ایوان سے واک آوٴٹ کیا۔ اجلاس میں کاسٹ اینڈ اکاوٴنٹس مینجمنٹ ترمیمی بل 2013ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس کو پارلیمانی سیکریٹری خرم جہانگیر وٹو نے بتایا کہ ملک میں 200 سے زائد سی این جی اسٹیشنز کو غیر قانونی طور پر لائسنس جاری ہوئے۔ اجلاس اب جمعہ کی صبح 11 بجے ہو گا ۔