07 مارچ ، 2013
اسلام آباد … وزیر اعظم راجا پرویز اشرف ہفتے کو بھارت کے ایک روزہ نجی دورے پر جائیں گے، ان کے اعزاز میں جے پور میں وزیر خارجہ سلمان خورشید ظہرانہ دیں گے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف اجمیرشریف کے دورے پرصوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری دیں گے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی اجمیر شریف آمد پر خاطر خواہ سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم کی مزار آمد سے قبل مزار خالی کرالیا جائے گا۔ بڑی تعداد میں پولیس اہل کار وردی اور سادہ لباس میں اطراف کے علاقے میں تعینات ہوں گے۔ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا دورہ بھارت جے پور اور درگاہ اجمیر تک محدود ہوگا۔ بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا اپنے اہل خانہ کے ساتھ یہ مکمل طور پر نجی دورہ ہے اوروہ کسی بھارتی سیاسی رہنما سے ملاقات نہیں کریں گے۔