08 مارچ ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے سیکورٹی اہلکاروں ، غیر ملکی مبصرین اور انتخابی عملہ کیلیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، سیکورٹی اہلکار پولنگ افسران کے احکامات ماننے اور غیر ملکی مبصرین ملکی خود مختاری کا احترام کرنے کے پابند ہوں گے ، پولنگ عملہ بغیر تعصب فرائض سرانجام دے گا۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن کے روز سیکورٹی حکام ریٹرننگ افسر اور پریذائیڈنگ افسر کے احکامات پر عمل کے پابند ہوں گے، سیکورٹی اہلکاروں کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے پر پابندی ہو گی، پریذائیڈنگ افسر کی ہدایت پر سیکورٹی اہلکار پولنگ اسٹیشن میں داخل ہو سکیں گے،قانون نافذ کرنے والے ادارے انتخابی مواد کی حفاظت اور ٹرانسپوٹیشن کے ذمہ دار ہوں گے، غیر ملکی مبصرین ملکی سلامتی اور خود مختاری کے قوانین کا احترام کرنے کے پابند ہوں گے، غیر ملکی مبصرین مقررہ وقت سے زیادہ پاکستان میں قیام نہیں کر سکیں گے اور انہیں انفرادی حیثیت میں میڈیا پر تبصرے کی اجازت نہیں ہو گی۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر غیر ملکی مبصرین کو جاری اجازت نامہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی عملہ غیر جانب دار طریقے سے خدمات سرانجام دے گا، کسی سیاسی جماعت ، امیدوار اورووٹر کے ساتھ بغیر تعصب برتاو کیا جائے گا، انتخابی عملے کا کوئی فرد دوران ڈیوٹی کسی امیدوار یا جماعت کا انتخابی نشان نہیں لگائے گا۔