27 مارچ ، 2025
متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں یوم پاکستان کے سلسلے میں انوکھی اور منفرد آرٹ نمائش سجائی گئی جہاں مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے تخلیق کاروں کے پاکستان سے متعلق فن پارے پیش کیے گئے۔
نمائش کا اہتمام پاکستانی کیورٹر صائمہ فرقان اور منتظم افتخار ہمدانی نے کیا اور عرب دنیا کے آرٹسٹوں کو بذریعہ پینٹنگس پاکستان کی منظر کشی کرنے کی دعوت دی۔
متحدہ عرب امارات میں تعینات سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے آرٹ ایکسپو کا افتتاح کیا اور نمائش میں شریک غیر ملکی تخیلق کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔
نمائش میں پاکستانیوں کا آرٹ ورک بھی پیش کیا گیا اور پاکستان کے چاروں موسموں کے رنگ تصاویر میں نظر آئے اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مخلتف صوبوں کی انمول اور دلکش ثقافت کے رنگ بھی فن پاروں میں جگمگاتے نظر آئے۔
نمائش کے منتظم افتخار ہمدانی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن لوگوں نے پاکستان کی عکاسی کی جو کبھی پاکستان نہیں گئے مگر اب پاکستان کے بارے میں جان چکے ہیں تو پاک سر سزمین جانے کیلئے بے چین ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں بسے لبنانی، شامی ، مصری اور دیگر عرب ممالک کے تخلیق کاروں نے لبیک یوم پاکستان پر لبیک کہا اور پاکستان سے متعلق تحقیق کرکے انتہائی دلکش مناظر کو حسین رنگوں کے امتراج سے کینوس پر سجائے۔
عرب آرٹسٹوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پاکستان کرہ ارض پر قدرت کا انمول تحفہ ہے۔
یومِ پاکستان کے سلسلے میں عجمان میں پاکستان کے رنگ سجے نظر آئے تو آرٹ کے دلدادہ کھنچے چلے آئے اور پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔