20 دسمبر ، 2011
وزیراعظم اور اسفندیار ولی کی بلاول ہاؤس میں صدر سے ملاقات
کراچی…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان ،صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے بلاول ہاؤس پہنچ گئے ہیں اور اب سے تھوڑی دیر قبل انکی صدر زرداری سے ملاقات شروع ہوگئی ہے، جس میں ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور کے علاوہ ایبٹ آباد کمیشن اور میموگیٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا،اس سے قبل وزیراعظم منگل کی شام کو اسلام آباد سے کراچی پہنچے اور وہاں سے وہ صدر سے ملاقات کے لیے ایک گاڑیوں کے بڑے قافلے کی شکل میں بلاول ہاؤس پہنچے اس قافلے کی سیکورٹی اور پر مامور گاڑیوں کے جھرمٹ اور دیگر ساتھ چلنے والی درجنوں گاڑیوں کے باعث شہرمیں ٹریفک کی صورتحال دگرگوں ہوگئی، جبکہ حکام نے وزیراعظم کی شہر میں آمد اور بلاول ہاؤس روانگی کی وجہ سے انکے راستے میں آنے والی کئی سڑکوں کو بلاک کردیا، جس سے ان سڑکوں پر موجود شہریوں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ یہ وزیراعظم کی صدر کی دبئی سے علاج کراکر واپس آنے کے بعد پہلی ملاقات ہے اور ذرائع کے مطابق وہ صدر سے انکی خیریت دریافت کرنے کے علاوہ انھیں صحت یابی پر مبارکباد بھی دینگے۔