30 مارچ ، 2025
پاکستان کے سب سے بڑے اور سب سے مقبول ٹیلی ویژن نیٹ ورک ”جیو“ نے ہمیشہ کی طرح اس برس بھی اپنے ناظرین کی میٹھی عید کی خوشیاں دوبالا کرنے اور ”عید الفطر“ کو یادگار بنانے کیلئے بہترین انتظامات کرلیے۔
میٹھی عید کی میٹھی خوشیوں کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے ”جیو نیٹ ورک“ نے اس بار بھی ایک سے بڑھ کر ایک بہترین پروگرام ترتیب دیکر عید کیلئے سب سے بہترین اور سب سے میٹھی سوغات تیار کی ہے جس میں عید کی خصوصی ٹرانسمیشن، اسپیشل بلیٹنز، خصوصی کوریج، ٹاک شوز، مارننگ شوز، ڈرامے، ٹیلی و فیچرز فلمیں، اسلامی تاریخ پر مشتمل سیریلز، خصوصی شوز، لالی وڈ کی سپر ہٹ فلمیں اور کامیڈی شوز عید کی رونق بڑھائیں گے۔
”جیو نیوز“ کے مقبول مارننگ شو ”جیو پاکستان“ میں عید کے تینوں دِن خوشیاں سمیٹی جائیں گی۔
عید کے پہلے دِن ”جیو پاکستان“ میں صبح 9 بجکر 5 منٹ پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، ماہر غذائیت ثنا اظفر اور شہدا کے خاندان سے گفتگو ہوگی۔
دوپہر 1بجکر 5 منٹ پر مزاحیہ مشاعرہ ہوگا۔
شام 4 بجکر 5 منٹ پر افتخار عارف شو نشر کیا جائے گا۔ پروگرام ”اسکور“ میں شام 5 بجکر 5 منٹ پر کرکٹر سعود شکیل مہمان بنیں گے اور شام 7 بجکر 5منٹ پر ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں کرکٹر امام الحق مہمان ہوں گے۔
رات 8 بجکر 5 منٹ پر ”کیپٹل ٹاک“ کا اسپیشل شو نشر ہوگا جس میں یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کے ساتھ شاعری مقابلہ (پہلا حصہ) دکھایا جائے گا۔ رات 10 بجکر 5 منٹ پر مزاح سے بھر پور شو ”ہنسنا منع ہے“ پیش ہوگا جس میں کرکٹر محمد عامر اور اُن کی اہلیہ مہمان ہوں گی اور دونوں کے ساتھ چٹ پٹی گفتگو کی جائے گی۔
عید کے دوسرے دِن ”جیوپاکستان“ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری، پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی اور سرائیکی فوک سنگر انینا فدا کے ساتھ مزیدار باتیں ہوں گی۔ دوپہر میں ”مزاحیہ مشاعرہ“ پیش کیا جائے گا۔ پروگرام ”اسکور“ میں اقبال قاسم، سلیم جعفر اور شعیب محمد“ مہمان ہونگے۔
عید کی مناسبت سے شاہد خان آفریدی کے ساتھ ”اسپیشل پروگرام“ ترتیب دیا گیا ہے جو شام 7 بجکر 5 منٹ پر نشر ہوگا۔ کیپٹل ٹاک میں ”یونیورسٹی اسٹوڈنٹس“ کے ساتھ شاعری کے مقابلے کا دوسرا حصہ دکھایا جائے گا اور مقبول ترین شو ”ہنسنا منع ہے“ میں اداکار عدنان صدیقی مہمان بنیں گے۔
عید کے تیسرے دِن ”مارننگ شو“ عید اسپیشل ہوگا۔ دوپہر میں اسپورٹس شو دکھایا جائے گا جس میں ”پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ“ دوسرے ایک روزہ میچ کی جھلکیاں نشر کی جائیں گی۔ پروگرام ”اسکور“ میں فاطمہ ثنا اور منیبہ مہمان بنیں گی۔
شام کو نامور کرکٹر سرفراز احمد کی گفتگو پر مشتمل خصوصی پروگرام پیش ہوگا اور ”کیپٹل ٹاک“ بھی عید اسپیشل نشر کیا جائے گا۔ ”جیو ٹی وی“ نے بھی عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے دلکش کہکشاں سجائی ہے، ایکشن رومانس اور ایڈوینچر سے بھر پور بلاک بسٹر موویز، کامیڈی شوز اور مزاح سے بھر پور ڈرامے عید کا مزدوبالا کریں گے۔
ہفتہ وار سلسلے ”بجو“ میں ناظرین دیکھیں گے کہ اس بار سسرال میں کیا طوفان اُٹھانے والی ہے بجو اور وہیں دوسری طرف کیا زدار شاہ کے سنگ نئی زندگی نہال کیلئے ہوگی مہربان ڈرامہ سیریل ”ڈائن“ میں۔
رمضان المبارک میں شروع ہونے والے سلسلے ”آس پاس“ میں کیا بر آنے والی ڈاکٹر سہام اور عرشیہ کے دِل کی مراد؟ اسپیشل ٹیلی فلم ”دِل نے کہا دِل سے“ مسکراہٹوں کے رنگ بکھیرتی نظر آئے گی۔ وہی تھرلر اور ایکشن پر مبنی ڈرامہ سیریل ”ہیش ٹیگ“ عید کے چار دِن رفتہ رفتہ حقیقت سے نقاب اُٹھائے گا۔
واضح رہے”جیوسوپر“ اور ”جیو کہانی“ نے بھی عید کی مناسبت سے بہترین پروگرام تخلیق کیے ہیں۔