07 اپریل ، 2025
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے محصولات میں اضافے سے مہنگائی بڑھنے اور کساد بازاری کے خدشات کو مسترد کر دیا۔
امریکی میڈیاسے گفتگو میں وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نےکہا کہ ٹیرف ایک بار کی قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ ہے ،قیمتوں کے مسلسل اضافے اور ایک وقتی ایڈجسٹمنٹ میں بڑا فرق ہے۔
اس سے قبل معاشی ماہرین نے محصولات کی وجہ سے امریکا میں کساد بازاری کے خدشات بیان کیے تھے۔
دوسری جانب امریکی قومی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اب تک 50 سے زائد ممالک تجارتی مذاکرات کے لیے رابطہ کر چکے ہیں، محصولات کا اعلان کسی سیاسی حکمت عملی کا نتیجہ نہیں۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق شرحِ سود میں کمی کے لیے ٹرمپ نے مالیاتی منڈیوں کو کریش کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے تجارتی ٹیرف کے اعلان کے بعد یورپ اور ایشیا کی مارکیٹیں جمعے کو شدید مندی پر بند ہوئیں جبکہ ماہرین کو خدشہ ہے کہ پیر کو جب مارکیٹیں دوبارہ کھلیں گی تو ان میں مزید گراوٹ دیکھی جاسکتی ہے۔