13 اپریل ، 2025
بھارتی گلوکارہ سونو ککڑ نے اپنی معروف گلوکارہ بہن نیہا ککڑ اور بھائی ٹونی ککڑ سے تعلقات ختم کرنے کی تصدیق کر دی۔
گلوکارہ کی جانب سے گزشتہ روز انسٹاگرام اور ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انہوں نے جذباتی پیغام تحریر کیا، لیکن حیران کن طور پر بعدازاں سونو نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔
گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر لکھا 'آپ سب کو یہ بتاتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے مایوسی ہو رہی ہے کہ میں اب دو باصلاحیت سپر اسٹارز ٹونی ککڑ اور نیہا ککڑ کی بہن نہیں ہوں'۔
سونو ککڑ نے مزید کہا کہ 'میرا یہ فیصلہ گہرے جذباتی درد کی وجہ سے ہے، اور میں آج واقعی دلبرداشتہ ہوں'۔
ابھی تک سونو ککڑ کی جانب سے کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، لیکن گلوکارہ کی جانب سے اچانک اس اعلان اور بعد میں پوسٹ ڈیلیٹ کرنے پر صارفین الجھن کا شکار ہیں جبکہ نیہا اور ٹونی کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت ککڑ بہن بھائیوں کے درمیان دراڑ نظر آتی ہے، وہ ماضی میں اکثر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آتے رہے اور عوامی پلیٹ فارمز پر پیار سے بات کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سونو، نیہا اور ٹونی ککڑ اپنے اشتراک سے مداحوں کو مسحور کرتے رہے ہیں۔