Time 14 اپریل ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

ایک بڑے بلیک ہول نے سائنسدانوں کے ذہنوں کو گھما کر رکھ دیا

ایک بڑے بلیک ہول نے سائنسدانوں کے ذہنوں کو گھما کر رکھ دیا
سائنسدان 2019 سے اس بلیک ہول کا مشاہدہ کر رہے ہیں / فوٹو بشکریہ یورپین اسپیس ایجنسی

بلیک ہول ہماری کائنات کا ایسا راز ہے جو عرصے سے سائنسدانوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

مگر زمین سے 30 کروڑ نوری برسوں کے فاصلے پر واقع ایک بہت بڑے بلیک ہول نے سائنسدانوں کے ذہنوں کو گھما کر رکھ دیا ہے۔

ایک کہکشاں SDSS1335+0728 کے وسط میں واقع اس بلیک ہول کا مشاہدہ سائنسدان 2019 سے رئیل ٹائم میں کر رہے ہیں جو نیند سے بیدار ہونے کے بعد روشنی کی لہروں کو خارج کر رہا ہے۔

ویسے تو بڑے بلیک ہولز کی جانب سے اس طرح کا رویہ غیرمعمولی نہیں مگر جس آنسکی نامی بلیک ہول کا مشاہدہ سائنسدان کر رہے ہیں، اس کا رویہ بہت عجیب ہے اور ماہرین اس کی وضاحت کرنے سے قاصر ہیں۔

میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے محققین کے مطابق اس بلیک ہول کی جانب سے 10 گنا زیادہ بڑی ایکس ریز کو خارج کیا جا رہا ہے اور وہ 10 گنا زیادہ روشن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر بار اس بلیک ہول کی جانب سے دیگر بلیک ہولز کے مقابلے میں سیکڑوں گنا زیادہ توانائی کا اخراج کیا جاتا ہے اور اس کا دورانیہ بھی اوسطاً ساڑھے 4 دن کا ہوتا ہے، جو ہمارے ماڈلز کی حد سے زیادہ ہے ۔

عام طور پر بلیک ہول کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ کائناتی کلینر کا کام کرتے ہیں جو کسی جگہ موجود رہ کر اردگرد موجود ہر چیز کو اپنے اندر ہڑپ کرلیتے ہیں۔

بڑے بلیک ہولز کا حجم مسلسل بڑھتا رہتا ہے، مگر اکثر وہ خاموش یا خوابیدہ رہتے ہیں اور اس دوران متحرک نہیں ہوتے۔

2019 میں آنسکی پہلا بڑا بلیک ہول بنا تھا جس کی بیداری کے مرحلے کا رئیل ٹائم میں مشاہدہ شروع کیا گیا۔

محققین کے مطابق یہ پہلی بار تھا جب ہم نے کسی بلیک ہول کے بیدار ہونے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد بھی چند بلیک ہولز کو بیدار ہوتے دیکھا گیا مگر اب ہم یہ نہیں سمجھ سکے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے، آنسکی پر تحقیق سے ہمیں بلیک ہولز کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد ملے گی۔

ایک بلیک ہول بذات خود کوئی ایسی روشنی خارج نہیں کرتا جس کا مشاہدہ کیا جاسکے بلکہ ایسا اس کے باہری کشش ثقل کے ماحول میں دیگر مادے ملنے سے ہوتا ہے۔

مادے جب کشش ثقل سے رگڑ کھاتے ہیں تو بہت زیادہ حرارت بہت پیدا ہوتی ہے جس سے اردگرد کا ماحول جگمگانے لگتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر آسٹرونومی میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :