11 مارچ ، 2013
کراچی…سپریم کورٹ میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 114 کے تحت اعلیٰ عدلیہ کے کنڈیکٹ پر اسمبلی میں بات نہیں کی جا سکتی، وزیر اعلیٰ کے بیان پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ سید محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اسمبلی میں کہا کہ سانحہ عباس ٹاؤن میں انہیں سنا نہیں گیااور عدالت نے فیصلے کے لیے ذہن بنا رکھا تھا، عدالت نے دو گھنٹوں میں فیصلہ کیا جو سمجھ سے باہر ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انور منصور بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ لہٰذا وزیراعلیٰ کے بیان کی روشنی میں ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی اور آرٹیکل 6 کے تحت آئین کی خلاف ورزی پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔قائم علی شاہ کو کسی بھی سرکاری عہدے کیلئے تاحیات نااہل قرار دیا جائے۔