11 مارچ ، 2013
کراچی … امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا کہنا ہے کہ ملک میں شیعہ سنی یا مسلم مسیحی کوئی جھگڑا نہیں، سانحہ بادامی باغ کا واقعہ افسوسناک اور انتہائی تکلیف دہ ہے حکومت پنجاب متاثرین کو دی گئی امدادی رقم میں اضافہ کر ے، جماعت اسلامی انتخابات میں ترازو کے انتخابی نشان کیے ساتھ حصہ لے گی، خیبر پختونخوا میں جے یوآئی ف، پنجاب میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف جبکہ سندھ میں ایم کیو ایم مخالف سیاسی و قوم پرست جماعتوں کے ساتھ سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جارہی ہے۔ کراچی میں مسیحی برادری کیساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سید منورحسن کا کہنا تھا کہ سانحہ بادامی باغ کا واقعہ افسوسناک اور انتہائی تکلیف دہ ہے حکومت پنجاب متاثرین کو دی گئی امدادی رقم میں اضافہ کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ بادامی باغ کی تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ شیعہ سنی اور مسلم مسیحی کو ئی جھگڑا نہیں، ملک میں انتشار پھیلانے کی سوچی سمجھی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بڑی سیاسی جماعتوں کو تجویز دی کہ انتخابی منشور میں قومی مفاد کے تحت دہشت گردی کے خاتمے، آزاد معاشی پالیسی اور بھارت سے تعلقات کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرنے کے نکات کو شامل کریں۔ ایک سوال کے جواب میں منورحسن نے بتایا کہ جماعت اسلامی انتخابات ترازو کے انتخابی نشان کیساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور کسی سے جماعت سے اتحاد نہیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائیگی۔