پاکستان
11 مارچ ، 2013

ٹی وی اینکر کی والدہ کی پراسرار موت کا معمہ حل، گھریلو ملازم قاتل نکلا

میر پور ، آزاد کشمیر … میرپورآزاد کشمیر میں ٹی وی اینکر ڈاکٹر معید پیرزادہ کی والدہ کی پراسرار موت کا معمہ حل ہوگیا، گھر کا ملازم ہی قاتل نکلا۔ ڈاکٹر معید پیرزادہ کا کہنا ہے کہ 2 مارچ کو انہیں اسلام آباد میں اطلاع ملی کہ میرپور میں ان کی والدہ انتقال کرگئی ہیں، والدہ کی موت کی خبر سن کر وہ گھر پہنچے تو انہیں شک ہوا کہ والدہ کی موت طبعی نہیں ہے، ان کا کہنا ہے کہ جب میں میرپور پہنچا تو والدہ کی موت واقع ہوچکی تھی۔ معید پیرزادہ کے مطابق ان کی والدہ ملازم پر بہت اعتما د کرتی تھیں، زیورات اور چیک کی پڑتال کرنے پر والدہ کی پراسرار موت کا شک ہوا۔ ڈاکٹر معید پیرزادہ کی درخواست پر پولیس نے 8 مارچ کو گھر کے ملازم تنویر بھٹی کو حراست میں لے لیا، جس نے تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کرلیا۔ ملازم کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر معید کی والدہ بیمار تھیں، بیماری کے دوران نیند کی گولیاں دیتا رہا اور جب پتا چلا کہ ڈاکٹر معید پیرزادہ اپنی والدہ کی عیادت کیلئے میرپور آرہے ہیں تو ڈر تھا کہ والدہ کی حالت سے کوئی اندازہ نہ ہوجائے تو میں نے ان کی والدہ کے منہ پر تکیہ رکھ کر 5 سے 7 منٹ دبائے رکھا، جس سے ان کی موت واقع ہوگئی۔ قاتل ملازم کا کہنا ہے کہ میں نے ان کے جعلی دستخط کرکے بینک سے ایک مرتبہ 5 لاکھ روپے اور 2 مرتبہ 20، 20 ہزار روپے کیش کرائے، گھر سے زیورات بھی چوری کئے ۔ پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

مزید خبریں :