11 مارچ ، 2013
کراچی … متحدہ قومی مووٴمنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل اور دہشت گردی کے خاتمے میں ہی پاکستان کی بقاء اور استحکام ہے۔ وسیم آفتاب کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ فضل کریم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم کیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے استحکام پاکستان، جمہوریت کے تسلسل اور دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ فضل کریم نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے الطاف حسین کی کوششوں کو سراہا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ فضل کریم سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔