11 مارچ ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لانڈھی کے علاقے خرم آبادمیں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 2افراد کے شہید اور دیگر کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ کااظہار کیا ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ بم دھماکوں میں ملوث درندہ صفت دہشت گرد مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں سمیت مسلح افواج اور عوام پر حملے کرکے انہیں خاک و خون میں نہلا رہے ہیں، ان سفاک دہشت گردوں اورا ن کے سرپرستوں کا ایجنڈا ملک دشمنی پر مبنی ہے اور وہ اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے عوام اپنے اپنے علاقوں اور محلوں میں کمیٹیاں تشکیل دیں اور چوکیدارای کا نظام لائیں تاکہ دہشت گردی کے عفریت سے مسلح افواج، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر نمٹا جاسکے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ لانڈھی خرم آباد میں بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عبرتناک انجام سے دوچار کیاجائے ۔