13 مارچ ، 2013
پشاور…قبا ئلی علاقوں میں تین روزہ انسداد پو لیو مہم کی رپورٹ جاری کردی گئی۔پانچ ایجنسیوں میں 62 ہزار سے زیادہ بچے پو لیو سے بچاوٴکی ویکسین سے محروم رہے۔ جبکہ دو ایجنسیوں میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مہم ہی شروع نہیں کی جا سکی۔قبائلی علاقوں میں گذشتہ ماہ انسداد پولیو مہم کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ 4 فروری سے 6فروری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران خیبر، باجوڑ، مہمند ، اورکزئی اور کرم ایجنسی میں 6 لا کھ87 ہزار 791بچوں کو پو لیو ویکسین پلا نے کا ہدف مقر ر کیا گیا تھا۔ جس کے لئے دو ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔رپورٹ کے مطابق پو لیو مہم کیدوران 6 لاکھ74ہزار3 سو 96بچوں کو پو لیو کے قطرے پلا ئے جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق پانچ قبائلی ایجنسیوں میں61ہزار سے زیادہ بچے گھروں میں موجود نہ ہونے کے باعث پولیو ویکسین سے محروم رہے جبکہ تقریبا ڈیڑھ ہزار والدین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔سیکورٹی وجوہات کے باعث شمالی اور جنوبی وزیرستان میں پولیو مہم نہیں ہو سکی۔ جس کی وجہ سے دو لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کی ویکسین نہیں پلائی جا سکی۔ محکمہ صحت فاٹاکا دعویٰ ہے کہ رواں سال کے اختتام تک قبائلی علاقوں کو پولیو سے پاک کر دیا جائے گا۔