Time 29 مئی ، 2025
دنیا

بھارت: قرضوں میں ڈوبے ایک ہی خاندان کے 7 افراد نے خودکشی کرلی

بھارت: قرضوں میں ڈوبے  ایک ہی خاندان کے 7 افراد نے خودکشی کرلی
ہریانہ کے ضلع پنچکولہ میں ایک کار میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد مردہ پائے گئے جب کہ 7 واں شخص اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا/ فوٹو بھارتی میڈیا

بھارت کے شہر ہریانہ میں کار میں موجود 7 افراد نے ایک ساتھ زہر کھا کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہریانہ کے ضلع  پنچکولہ میں ایک کار میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد مردہ پائے گئے جب کہ 7 واں شخص اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں میاں بیوی، 3 بچے اور ان کے دادا دادی شامل ہیں جب کہ خودکشی کرنے والے خاندان کا تعلق اتراکھنڈ کے  ضلع  دہرادون سے تھا، تمام لوگ پنچکولہ  میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔

بھارتی پولیس نے مرنے والوں کی گاڑی سے 2 صفحوں پر مشتمل ایک تحریری نوٹ بھی برآمد کیا  جس میں خاندان کے افراد نے مرنے سے قبل انکشاف کیا کہ ہم قرضوں میں ڈوب گئے تھے،  خاندان بھر کے تمام افراد نے خودکشی سے قبل مذہبی تقریب میں شرکت بھی کی تھی۔

 عینی شاہد نے کیا بتایا؟

واقعے کے عینی شاہد نے بتایا کہ وہ گزشتہ رات واک کیلئے نکلا تھا جس دوران اس نے پاس کھڑی ایک کار سے تولیہ نکلتے دیکھا، قریب جا کر دیکھا تو کار میں 6 افراد ایک دوسرے پر بے حرکت گرے ہوئے تھے جب کہ ساتواں شخص سانس لے رہا تھا جس کے بعد اس شخص کو فوری اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ بھی دم توڑ گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خودکشی کرنے والے شخص نے دہرادون میں ٹور اینڈ ٹریول کا کاروبار شروع کیا تھا لیکن کاروبار ٹھپ ہوگیا اور اس کا خاندان جلد ہی قرض کے بوجھ تلے دب گیا  حتیٰ کہ روزمرہ کی ضروری اشیاء بھی خریدنے سے قاصر تھا۔

مزید خبریں :