15 مارچ ، 2013
اسلام آباد…وزارت دفاع کی جانب سے سابق ڈیلی ویجیز ملازمین کی بحالی کے واضح احکامات کے باوجود سی اے اے انتظامیہ نے ان ملازمین کی بحالی کے معاملے کو ایک بار پھر لٹکا دیا ہے۔ یہ ملازمین 13 سال سے ملازمت کی بحالی کی جدوجہد کررہے ہیں۔سی اے اے ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی ہدایت پر برطرف ملازمین کی بحالی کے قانون 2010 کے تحت سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق ڈیلی ویجیز ملازمین کی بحالی کا حکم دیا تھا اور اس بارے میں سی اے اے انتظامیہ کو 4 فروری کو ارسال کئے گئے خط میں واضح احکامات دیئے گئے۔ 20 فروری کو اس بارے میں یاد دہانی کا خط بھی بھیجا گیا۔ لیکن سی اے اے انتظامیہ نے اس پر عمل نہیں کیا۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان عابد قائم خانی نے جیو جیوز کو بتایا کہ ملازمین کی بحالی کے بارے میں دیئے گئے وزارت دفاع کے احکامات واضح نہیں۔ اس لئے مزید وضاحت کیلئے وزارت دفاع کو لکھا ہے۔ادھر سابق ڈیلی ویجز ملازمین کے نمائندے بدر شاہ اورکزئی نے کہا کہ وہ 13 سال سے ناجائز طور پر ختم کی گئی ملازمت کی بحالی کی جدوجہد کررہے ہیں ، لیکن سی اے اے انتظامیہ مسلسل ٹال مٹول سے کا مظاہرہ کررہی ہے۔