15 مارچ ، 2013
اسلام آباد… صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی 19مارچ کو تحلیل کر دی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف نے اپوزیشن میں بیٹھنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں تا کہ نگران وزیر اعلیٰ کے لیے ان کے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کی جائے۔ جیو نیوز کو ذمہ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک ، وفاقی وزیر خورشید شاہ ، گورنر بلوچستان سردار ذوالفقار مگسی ، وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی اور جے یو آئی ف کے رہنما مولانا محمد شیرانی بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلوچستان اسمبلی 19مارچ کو تحلیل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے ، جب کہ مولانا عبدالواسع کو بلوچستان میں نیا قائد حزب اختلاف بنائے جانے کا امکان ہے ، جن کے ساتھ اسلم رئیسانی ، نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر پر مشاورت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی نے اجلاس میں بتایا کہ وہ صوبائی کابینہ کا اجلاس بلا رہے ہیں اور امکان ہے کہ یہ اجلاس کل بلایا جائے گا۔