15 مارچ ، 2013
کراچی …کراچی میں رینجرز نے سلطان آباد ، سہراب گوٹھ، ملیر، بلدیہ ٹاوٴن اور یوسف گوٹھ میں سرچ آپریشنز کیے، اس دوران کالعدم تحریک طالبان کے تین مشتبہ ملزمان سمیت ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ بلدیہ ٹاوٴن سے ایک ٹارچرسیل بھی پکڑا گیا۔ رینجرز حکام کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پی آئی ڈی سی کے قریب سلطان آباد میں محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا گیا۔اس دوران خواتین اہلکار بھی موجود تھیں۔ آپریشن کے دوران مختلف گھروں کی تلاشی لی گئی اس دوران جن گھروں پر تالے لگے ہوئے تھے انھیں کاٹ کر تلاشی لی گئی اور پھر دوبارہ ان پر تالے لگادیئے گئے۔اس دوران سراغ رساں کتوں کی مدد بھی اہلکاروں کو حاصل رہی۔ آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جن پر شبہ ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جبکہ 30سے زائد مختلف اقسام کے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔دوسری جانب بلدیہ ٹاوٴن ،،یوسف گوٹھ میں آپریشن کر کے گینگ وار کے سرغنہ قاسم عرف زبیر پٹھان سمیت 9 افراد کو گرفتار کر کے سب مشین گنز سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ علاقے سے ایک ٹارچر سیل بھی پکڑا گیا جو ملزمان نے شہریوں پر تشدد کے لیے بنارکھا تھا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق پکڑا گیا ٹارچر سیل گرفتار ملزمان کے زیر استعمال تھا۔ ملیر کے علاقے سعودآباد، سہراب گوٹھ اور غریب آباد میں بھی رینجرز نے کارروائیاں کی اور کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خور سمیت 20 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔