پاکستان
15 مارچ ، 2013

سندھ پولیس اور دیگر محکموں میں اکھاڑ پچھاڑ،منظور نظر افسران کی بن آئی

سندھ پولیس اور دیگر محکموں میں اکھاڑ پچھاڑ،منظور نظر افسران کی بن آئی

کراچی …حکومت ختم ہونے سے چند گھنٹے قبل سندھ انتظامیہ میں اکھاڑ پچھاڑکیا گیا ہے، پولیس اورصوبائی سیکریٹریز کے بڑے پیمانے پر تبادلے اور تقرریاں کردی گئیں۔ سندھ حکومت نے جاتے جاتے اپنے منظور نظر افراد کو نواز ڈالا۔ حکمراں پانچ سال میں عوام کیلئے تو کوئی بڑا کارنامہ انجام دے نہ سکے لیکن محکمہ پولیس اور انتظامیہ میں دل بھر کر اکھاڑ پچھاڑ کرڈالی ۔محکمہ داخلہ کے نوٹفیکشن کے مطابق غلام شبیر شیخ کو ایڈیشنل ڈی آئی جی، اقبال محمود کو ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ، سائیں رکھیو میرانی کو ڈی آئی جی لاڑکانہ اور عبدالخالق شیخ کو ڈی اآئی جی کراچی ویسٹ تعینات کیاگیا ہے۔ دوسری جانب جاوید اوڈھو کو ڈی اآئی جی سکھر ،امیر احمد شیخ کو ڈی آئی جی ایڈمن کراچی، عمران یعقوب کو ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر کراچی،طاہر نوید کو ڈی آئی جی ایسٹ ،اکرم ابڑو کو ڈی آئی جی حیدرآباد تعینات کیا گیا ہے۔جبکہ ثناء اللہ عباسی کو ڈی آئی جی ریپڈ رسپانس فورس تعینات کردیاگیا ہے۔ ان تمام تقرریوں کے فی الفور نوٹی فیکیشن بھی جاری کردئے گئے ہیں۔ جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے سیکریٹری صدیق میمن کو عہدے سے ہٹادیا گیا،سیکریٹری خزانہ نوید کامران بلوچ کو وزیر اعلی سندھ کا سیکریٹری مقررکردیا گیا ہے۔ محمد حسین سید کو سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، شعیب میرکو سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اورمحسن حقانی کو سیکریٹری صنعت و تجارت تعینات کردیا گیاہے۔ سیکریٹری سروس نصیر جمالی کو سیکریٹری محنت کا اضافی چارج دے دیا گیا ۔صدیق میمن کو سیکریٹری کھیل اور اعجاز احمدخان کو سیکریٹری کول انرجی تعینات کردیا گیا ،سیکریٹری بحالیات غلام مصطفیٰ پھل کو سیکریٹر ی لائیو اسٹاک اور فشریز کا اضافی چارج دے دیا گیا مصباح تنیو سیکریٹری امپیلیمنٹیشن اینڈ کورآرڈی نیشن ،ممتاز میمن اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور پرویز جونیجو سیکریٹری کچی آبادی ، سہیل راجپوت سیکریٹری خزانہ مقرر کردیئے گئے ہیں۔آفتاب کھتری سیکریٹری اقلیتی امور تعینات کئے گئے ہیں،گریڈ بیس کے افسران رضوان میمن ، مختیار سومرو،ممتاز علی شاہ ،اور محمد نواز نسیم کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئیں ،سیکریٹری لائیو اسٹاک عابد علی شاہ کو محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :