15 مارچ ، 2013
لاہور…مسلم لیگ ن نے پہلی مرتبہ تحریک انصاف سے براہ راست رابطہ کر کے نگراں وزیر اعظم کے نام پر مشاورت کی ہے جس کے بعد تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر چودھری نثار کے نامزد کردہ اُمیدوار ناصر اسلم زاہد کو ترجیحی امیدوار قرار دیا ہے۔مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی سے ٹیلے فون پر رابطہ کر کے نگراں وزیر اعظم کے نام پر مشاورت کی۔اقبال ظفر جھگڑاکا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم کے نام پر حکومت سے اتفاق رائے نہیں ہو رہا،تحریک انصاف اپنی رائے دے۔پارٹی سے مشاورت کے بعد ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی ترجیحی فہرست مسلم لیگ ن کو بتائی جس کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد نگراں وزیر اعظم کے لیے موزوں ترین امیدوار ہیں،ان کے بعد رسول بخش پلیجو اور پھر ڈاکٹر عشرت حسین کا نام ہے۔