17 مارچ ، 2013
لندن … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لیاری سے سابق وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول اوران کے سیکڑوں ساتھیوں کی ایم کیو ایم میں شمولیت کا زبردست خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہاہے۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق الطاف حسین نے اپنے ایک بیان کہاکہ نبیل گبول ایک معزز سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں جو قیام پاکستان سے بھی پہلے کراچی میں قیام پذیر ہے اور جس کے افراد نے قیام پاکستان سے پہلے بھی کراچی سے انتخابات میں کامیابیاں حاصل کیں۔ الطاف حسین نے امید ظاہر کی کہ نبیل گبول کی ایم کیوایم میں شمولیت سے ملک میں اتحاد واتفاق اور بھائی چارے کی فضاء کو فروغ ملے گا، ملک بالخصوص صوبہ سندھ میں مختلف لسانی اکائیوں کے درمیان اخوت، محبت مں اضافہ ہوگا اورہم سب مل کر وطن عزیز کو ایک ایسی ریاست بنانے میں کامیاب ہوں گے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے عین مطابق ہوگی۔ الطاف حسین نے دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماوٴں کو بھی دعوت دی کہ وہ اپنی اپنی جماعتوں اور ایم کیوایم کے طرز عمل کا موازنہ کریں اور موازنہ کرنے کے بعد وہ بھی ایم کیوایم میں شامل ہوکر پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور آزادوخودمختار پاکستان بنانے میں ایم کیوایم سے تعاون کریں۔ الطاف حسین نے نبیل گبول کے ساتھ ساتھ ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کرنے والے ان کے ہزاروں ساتھیوں کوبھی کھلے دل سے خوش آمدیدکہااور انہیں مبارکباد پیش کی۔