18 مارچ ، 2013
اسلام آباد … الیکشن کمیشن سندھ نے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کی بجائے انتخابی شیڈول سے پہلے قومی اسمبلی کے 3 اور صوبائی اسمبلی کے 8 حلقوں کی حدود میں تبدیلی کی سفارش کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم کی زیر صدارت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق صوبائی الیکشن کمیشن کی رپورٹ پیش کی گئی۔ جیو نیوز کی حاصل کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی حلقہ بندیا ں اسی صورت کی جاسکتی ہیں جب نئی مردم شماری ہو یا پارلیمنٹ کی جانب سے اسمبلیز کی نشستوں میں ردوبدل کیا جائے۔ پارلیمنٹ میں موجود کراچی کی 3 بڑی جماعتوں نے بھی نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اپنی تجاویز فراہم نہیں کیں۔ کمیٹی نے کراچی سے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں این اے 239، این اے 250 اور این اے 254 کی حدود میں تبدیلی تجویز کی ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی ایس 115، 114، 113، 112، 89 ، 124، 118، 116 کی حدود میں بھی تبدیلی تجویز کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیاں مستقبل میں کسی مناسب وقت پر کی جاسکتی ہیں۔