18 مارچ ، 2013
اسلام آباد … پاکستان اور مصر نے فری ٹریڈ معاہدہ جلد کرنے پر اتفاق کیا ہے، علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت 8 شعبوں میں ایم او یوز پر دستخط کئے گئے، مصری صدر محمد مرسی نے اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری سے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان اور مصر مسلم امہ کے 2 اہم ستون ہیں جن کا خطے میں بھی اہم کردار ہے ۔ انقلاب مصر کے بعد پہلے سویلین صدر ڈاکٹر محمد مرسی پاکستان پہنچے تو سینیٹر مشاہد حسین سید اور عرب ملکوں کے سفیروں نے چکلالہ ایئر بیس پر ان کا استقبال کیا۔ صدر مرسی نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ون آن ون ملاقات اور پھر وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت 8 شعبوں میں ایم او یوز پر دستخط کئے گئے جبکہ فری ٹریڈ معاہدہ جلد کرنیپر بھی اتفاق کیاگیا ہے، مصری صدر محمد مرسی نے کہا کہ ان کادورہ د ونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا حصہ ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شام کی خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہئے، پاکستان اس مسئلے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ مصری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں محفوظ سرمایہ کاری اور منافع 100 فیصد واپس لئے جانے کی سہولت دی جائے گی۔ محمد مرسی نے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے ہمراہ نسٹ یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ مصری صدر نے کہا کہ پاکستانی اسکالر ڈاکٹر عبدالسلام نے نوبل پرائز حاصل کیا جو مسلم امہ کیلئے بڑا اعزاز ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور مصر اکٹھے ہیں۔ مصر کے صدر مرسی سے جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کی سربراہی میں وفد اور عمران خان نے بھی ملا قات کی، جس میں مسلم امہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے مشترکا کوششوں پر بات چیت کی گئی۔