18 مارچ ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کو کل انتخابی نشان الاٹ کر ے گا، پیپلز پارٹی کے دعوے داروں کو بھی سنا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کے لیے درخواستیں دینے والی 136سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو بلایا ہے جن کی موجودگی میں انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ایک ہی انتخابی نشان مانگنے والے زیادہ جماعتیں ہوئیں تو ترجیح اسے دی جائے گی جس کے پاس پچھلے انتخابات میں وہ نشان تھا۔نئے نشانات کے لیے ایک سے زائد سیاسی جماعتیں امیدوار ہوئیں تو فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نام کے لیے درخواست دینے والوں کو بھی کل بلایا ہے۔ ناہید خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نام سے نئی جماعت رجسٹرڈ کرانے اور غنویٰ بھٹو نے اپنی جماعت پیپلز پارٹی شہید بھٹو کا نام پاکستان پیپلز پارٹی میں تبدیل کرنیکی درخواست دے رکھی ہے۔