پاکستان
19 مارچ ، 2013

وفاقی کابینہ ختم ہونے کے باوجودسابق وزراء کی مداخلت جاری

وفاقی کابینہ ختم ہونے کے باوجودسابق وزراء کی مداخلت جاری

اسلام آباد…کابینہ ختم ہو چکی تاہم سابق وزیر ، مشیر اب بھی حکومتی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں ۔وزارت خزانہ میں دو گھنٹے تک خفیہ اجلاس ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا اور سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے شرکت کی۔ اجلا س میں پی ایس او کو واجبات کی ادائیگی سمیت دیگر مالی معاملات پر غور کیا گیا۔اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کوبتایا ہے کہ سابق وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا اور سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم دو گھنٹے تک سیکریٹری خزانہ عبدالخالق کے کمرے میں ہونے والے اجلاس میں موجود رہے۔ اجلاس میں مشیر وزارت خزانہ رانا اسد امین کے علاوہ پاکستان اسٹیل ملز اور پی آئی اے کی اصلاحات یونٹ کے ڈائریکٹر خاقان نجیب بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں سابق حکومت کے مختلف فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی وزارت خزانہ پہنچے اور سیکریٹری خزانہ سے ملاقات کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے۔ سابق وزیر خزانہ عمر ایوب کہتے ہیں کہ سابق وزراء کا وزارتوں کے چکر لگانا غیر قانونی ہے، یہ اقدام 1973 کے آئین میں درج قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

مزید خبریں :