19 مارچ ، 2013
لاہور… پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں کے باہر دھرنا دینے سے متعلق انہوں نے کوئی بیان نہیں دیا تاہم پولنگ اسٹیشنوں سے دور ہر شہر میں علامتی دھرنا دیں گے۔ انہوں نے یہ بات منہاج القران سیکریٹریٹ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انہوں نے کرپٹ سیاسی قیادت اور موجودہ سسٹم کیخلاف دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے جو موجودہ انتخابی نظام کیخلاف عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے ہوں گے ، انہوں نے کہا کاغذات نامزدگی میں امیدواروں کی کرپشن کے حوالے سے کوئی خانہ ہی نہیں ، کرپشن اور جعلی ڈگری والوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی کھلی اجازت دیدی گئی ، طاہر القادری نے کہا کہ مک مکا پر مبنی الیکشن کمیشن اس لئے بنایا گیا کہ انتخابی کرپشن کو تحفظ فراہم کیا جائے۔