03 مارچ ، 2012
کراچی … نادرا کے ڈپٹی چیئرمین طارق ملک نے کہا ہے کہ اب تک 17 لاکھ سے زائد شہری ایس ایم ایس سروس کے ذریعے انتخابی فہرستوں میں اپنے ووٹ کی تصدیق کرچکے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین نادرا طارق ملک کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 83.2 ملین ووٹرز کی تصدیق کیلئے دنیا کی سب سے بڑی ایس ایم ایس سروس نادرا اور ٹیلی کام کمپنیوں کے تعاون سے شروع کی ہے۔ ووٹر ایس ایم ایس کے ذریعہ اپنے ووٹ کی تصدیق اور غلطی کی صورت میں تصحیح کرواسکتے ہیں، سب سے زیادہ ایس ایم ایس پنجاب سے موصول ہوئے۔ نادرا کے ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پولنگ اسٹیشن کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے، یہ معلومات حتمی انتخابی فہرستوں میں اس وقت درج ہوں گی۔ انہوں نے بعض اخبارات میں صدر پاکستان کی انتخابی فہرست میں غلط اندراج کی شائع ہونے والی خبر کو بے بنیاد من گھڑت اور غلط معلومات پر مبنی قرار دیا۔