03 مارچ ، 2012
کراچی … جماعت اسلامی کے سابق امیر قاضی حسین احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان محض خطہ زمین کا نام نہیں بلکہ ایک نظریے کا نام ہے اور بلوچستان کے مسائل کا واحد حل بھی اسلام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں کالم نویس جمال عبداللہ عثمان کی کتاب ”جو ہم پہ گزری“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا جبکہ یہ اسلام کا گھر نہ بن سکا جس کی وجہ سے ملک مسائل کا شکار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان میں پاکستان کا نام لینا مشکل ہوگیا ہے مگر وہاں اللہ ‘محمد اور قرآن کا نام لینے پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا‘ ہمیں اسی رشتے پر لوگوں کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔