پاکستان
03 مارچ ، 2012

حکومت اور اپوزیشن مل کر حکومت ختم کرنے کا فیصلہ کریں گی، وزیراعظم

حکومت اور اپوزیشن مل کر حکومت ختم کرنے کا فیصلہ کریں گی، وزیراعظم

ملتان … وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے پیپلزپارٹی اب سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے، انقلاب کا نعرہ لگانے والوں کوبھی ہماری مدد کی ضرورت ہوگی۔ سرکٹ ہاؤس ملتان میں عمائدین سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے 20 ویں ترمیم منظور کروائی، اب حکومتیں توڑی نہیں جاسکیں گی، حکومت اور اپوزیشن مل کر حکومت ختم کرنے کا فیصلہ کریں گی، نگراں وزیراعظم کا تقرر پارلیمانی کمیٹی یا الیکشن کمیشن کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام کی شرکت مثالی رہی ہے، سندھ میں دونوں ایم پی اے پیپلزپارٹی کے منتخب ہوئے۔ ملتان اور وہاڑی سے بھی پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ تسلسل چاہتے ہیں، شہید بھٹو نے مزدور اور کسان کو ووٹ کا حق دلایا اور سینیٹ کا ادارہ بھی بھٹو دور میں بنایا گیا۔ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ حکومت بجلی اور گیس کی کمی ختم کرے گی، بجلی بنانا وفاقی حکومت کی اکیلے ذمہ داری نہیں ہے، صوبے بھی بجلی بنا سکتے ہیں، ہم بھارت اور ایران سے بجلی خریدنے کا معاہدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سرکولر ڈیٹ کا مسئلہ حل ہو گیا تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے ۔

مزید خبریں :