03 مارچ ، 2012
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چارسدہ میں پیپلز پارٹی شیر پاوٴ گروپ کے سر براہ آفتاب شیر پاوٴ کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ایم کیو ایم اعلامیے کے مطابق الطاف حسین نے کہا کہ آفتاب شیر پاوٴ کے قافلے پر حملہ بز دلانہ کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ متحدہ کے قائد نے آفتاب شیر پاوٴ سے ان کے صاحبزادے سکندر شیر پاوٴ سمیت خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن محمد علی کے زخمی ہونے پردلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے خود کش حملے میں جاں بحق ہونیوالے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور ان کی مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ آفتاب شیر پاوٴ کے قافلے پر خودکش حملے کانوٹس لیا جائے اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو گر فتار کرکے عبرتناک سزادی جائے۔