08 اپریل ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا کیس سماعت کے لیے منظور کرنے کا تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ وفاقی ادارے یہ بات یقینی بنائیں کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف تا حکم ثانی ملک سے باہر نہ جائیں۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ نے سرکلر بھی جاری کر دیا ، اس سلسلے میں احکامات ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں تک پہنچا دیے گئے۔ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ نے وزارت داخلہ کے احکامات پر سرکلر جاری کیا۔ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے تمام ہوائی اڈوں بندرگاہوں،چیک پوسٹوں اور تمام خارجی راستوں پر تعینات حکام کو سرکلر بھجوا دیا گیا ہے۔ سرکلر جاری ہونے کے بعد جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پاکستان سے باہر سفر نہیں کر سکیں گے۔سرکلر کے مطابق پرویز مشرف کا پاسپورٹ سفارتی ہے۔