12 اپریل ، 2013
کراچی…الیکشن ٹریبونلز میں کاغذات نامزدگی کی منظوری اور مسترد کیے جانے کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری ہے ، آج میاں نوازشریف ، مخدوم جاوید ہاشمی ، سید قائم علی شاہ اور امیر حیدر خان ہوتی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ۔الیکشن ٹریبونل نے لاہور کے حلقہ این اے ایک سو بیس سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ،خیر پور کے حلقہ پی ایس انتیس پر سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے کاغذات کی منظوری پر عائد اعتراضات رد کردیئے گئے اور ان کی نامزدگی بحال رکھی گئی ۔حلقہ این اے 48 سے تحریک انصاف کے مخدوم جاوید ہاشمی پر دائر اعتراضات رد کردیئے گئے ، اُسی حلقے سے پیپلز پارٹی کے کے فیصل سخی بٹ پر دائر اعتراضات مستردکردیئے گئے۔این اے 71 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار عبید اللہ شادی خیل پرعمران خان کے اعتراضات مستردکردیئے گئے۔حلقہ پی پی 31 خوشاب سے ن لیگ کے امیدوار ملک جاوید اعوان کی بی اے کی ڈگری طلب کرلی گئی،پی پی 33 سے محمد اسلم،پی پی 21 احمد رضا پی پی 39 سے جاوید اختر بھٹی کی اپیلیں خارج، ریٹرننگ افسران کے فیصلے برقراررکھے گئے۔خیبر پختونخوا میں مردان کے حلقہ پی کے 23سے سابق وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے ۔الیکشن کمیشن کے پاس عام انتخابات کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں پے فیصلے کیلئے ٹریبوونلز کے پاس سترہ اپریل تک کا وقت ہے ، اٹھارہ اپریل کو دستبردار ہونے والے امیدواروں کے پاس نام واپس لینے کا موقع ہوگا اور انیس اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی ۔