12 اپریل ، 2013
میرپورخاص…پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور پیپلزمسلم لیگ کے سربراہ ارباب غلام رحیم کے درمیان ملاقات میں انتخابات کے دوران سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔میرپور خاص علاقے زاہد آباد میں مقامی زمیندار زاہد مری کی رہائش گاہ پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے خورشید شاہ اور ارباب غلام رحیم کے درمیان ون ٹوون ملاقات ہوئی،جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران خورشید شاہ فون پر پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھی ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتے رہے۔ تاہم پانچ سال بعد ارباب غلام رحیم اور پیپلزپارٹی کے درمیان پہلے براہ راست رابطے کے باوجود انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ارباب غلام رحیم سے پانچ سال بعد پہلی ملاقات ہے۔ ملاقات میں برف تو پگھلی ہے لیکن سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر کوئی بات طے نہیں ہوسکی ہے۔ ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ وہ پانچ سال دبئی میں رہے اور رحمان ملک سے ملاقاتیں بھی ہوتی رہیں۔ سیاست میں تمام دروازے کھلے رہتے ہیں۔ ملاقات میں تلخ یادیں بھلانے کی کوشش کی گئی۔