14 اپریل ، 2013
اسلام آباد…وزارت پانی وبجلی کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3ہزار پانچ سو میگاواٹ ہے شہروں اور دیہی علاقوں میں 10سے 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ،ایک ہزار میگاواٹ صلاحیت کے چار پاور پلانٹس گیس نہ ملنے سے بند ہیں ، وزارت پانی وبجلی کے ترجمان کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 9400میگاواٹ ہے جبکہ طلب 12ہزار 900 میگاواٹ ہے۔ پانی سے تین ہزار میگاواٹ جبکہ تھرمل ذرائع سے 6ہزار چار سو میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے ، ترجمان کے مطابق تھرمل پاور پلانٹس کو تیل اور گیس کی فراہمی بڑھانے کیلئے کوشش جا ری ہے ، ترجمان نے بتایا کہ تھرمل پاور پلانٹس کو 16ہزار ٹن تیل مل رہا ہے جبکہ 20 ہزار ٹن سے زیادہ تیل درکار ہے ، ترجمان نے مزید بتایا کہ سیف پاور ، سفائر ، اورینٹ اور ہلمور پاور پلانٹس کو گیس نہیں مل رہی اس لیئے تقریبا ایک ہزار میگاواٹ بجلی ان پاور پلانٹس کو گیس نہ ملنے کی وجہ سے سسٹم میں نہیں آرہی۔