14 اپریل ، 2013
اسلام آباد…ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ ضلع بینظیرآباد 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے۔جبکہ دو سے تین روز کے دوران سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ سندھ میں بدین ، تھرپارکر اور نواب شاہ سمیت اکثر شہروں اور دیہات میں دن کے وقت شدید گرمی کی وجہ سے سڑکوں پر سناٹا رہتا ہے اور ٹھنڈے مشروبات کی فروخت میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت ضلع بینظیرآباد میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ چھور، سکھر اور مٹھی میں 41 جبکہ حیدرآباد، بدین اور لاڑکانہ میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔