پاکستان
14 اپریل ، 2013

انتخابی مہم کو سبوتاژکرنے کی دھمکی ملی لیکن پرعزم ہیں، فاروق ستار

 انتخابی مہم کو سبوتاژکرنے کی دھمکی ملی لیکن پرعزم ہیں، فاروق ستار

کراچی …ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں کو کراچی حیدرآباد سمیت ملک بھر میں خطرات ہیں۔ایم کیو ایم کی انتخابی مہم کو سبوتاژکرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بات کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن میں این اے 249 کے الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر کہی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی توثیق کے بعد رابطہ کمیٹی نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ جس کے مطابق این اے 249 سے ڈاکٹر فاروق ستار، این اے 250 سے خوش بخت شجاعت اور این اے 240 سے خواجہ سہیل منصور ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں پچھلے تین چار برسوں کے دوران جرائم مافیا نے عوام اور تاجروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔لیکن ہم رضا کارانہ نظام کے ذریعے جرائم مافیا کا خاتمہ کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں کو کراچی حیدرآباد سمیت ملک بھر میں خطرات ہیں۔لیکن انتخابی مہم میں بڑے چھوٹے جلسوں سمیت کارنر میٹنگ بھی کریں گے۔اور دھمکیوں کے باوجود پرعزم ہیں اور اپنی حکمت عملی طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دس جماعتی کیا 20 جماعتی اتحاد بھی آ جائے عوام ووٹ ایم کیوایم کو دے گی۔

مزید خبریں :