14 اپریل ، 2013
کراچی …سید منور حسن نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تیاریاں کی جارہی ہیں لیکن اس بار جماعت اسلامی نہیں دوسری جماعتیں الیکشن کا بائیکاٹ کریں گی۔ کراچی میں جماعت اسلامی کی انتخابی مہم ”ترازو کارواں “کے شرکاء سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا کہنا تھاکہ ترازو کارواں مزار قائد سے شروع ہورہا ہے تاکہ لوگوں کو انصاف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ محض انتخابات سے آزادی نہیں ملتی بلکہ ووٹ کا صحیح استعمال کیا جائے۔ سید منور حسن نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک کی ناکام ترین پارٹی ثابت ہوئی ہے جبکہ اے این پی نے پچھلے پانچ سال میں جوبویا اسے کاٹنا پڑے گا۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ جماعت اسلامی نہیں دیگر جماعتیں انتخابی بائیکاٹ کریں گی۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ عا م انتخابات کی حقیقی کامیابی اس وقت حاصل ہوگی جب امریکا، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کو مسترد کردیا جائے گا۔